ملک پر مسلط حکمران استعمار کے ایجنٹ ہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان شیخ القرآن والحدیث حضرت مولانا عبدالحق ہاشمی نیکہا ہے کہ ملک پر مسلط حکمران استعمار کے ایجنٹ ہیں۔ نظام مصطفیؐ کا نفاذ پاکستان کی تقدیر سنوارنے کا واحد ذریعہ ہے۔ اتباعِ رسولؐ میں اسلامیان پاکستان ہی نہیں پوری انسانیت کے لیے بھلائی ہے۔ حضورؐ آئے تو باطل کے اندھیرے چھٹ گئے اور فارس و روم جیسی طاقتیں اسلام کے آگے سرنگوں ہو گئیں۔ ملک میں اسلامی نظام رائج ہو جاتا، تو پاکستان اب تک عظیم فلاحی سلطنت بن چکا ہوتا۔ ہمارے حکمران اسلام بیزار قانون سازی میں مصروف ہیں۔ قادیانیت کو سہارے دیے جاتے ہیں اور ختم نبوتؐ سے بغض رکھنے والے اہم عہدوں پر تعینات ہیں۔انہوں نے کہاکہ علمائے کرام پاکستان میں اسلامی جمہوری انقلاب کے لیے کردار ادا کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ قوم سے کہتا ہوں کہ ظالم کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ پاکستان مختلف بحرانوں کا شکار ہے۔ ہماری عدالتوں میں انصاف نہیں ملتا، معیشت سود اور آئی ایم ایف کے شکنجے میں ہے۔ موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے۔ حکمرانوں نے کشکول پکڑا ہوا ہے اور اپنی عیاشیوں کی خاطر پاکستان کے غیور عوام کی توہین کر رہے ہیں۔ قوم پوچھتی ہے کہ اب تک لیے جانے والے اربوں ڈالرز کے قرضے کہاں گئے؟ جن لوگوں نے ملک کو لوٹا انھیں حساب دینا پڑے گا۔ جماعت اسلامی سے وابستہ افراد، علما و مشائخ اور دیگر اسلامی ذہن رکھنے والے لوگوں نے کبھی بنکوں سے اربوں کے قرضے لے کر معاف نہیں کروائے۔ ہمارے نام پنڈوراپیپرز یا پاناما لیکس میں نہیں آئے۔ قوم پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی کے ہتھکنڈوں سے تنگ آ چکی۔ اسلامی و نظریاتی ذہن رکھنے والے افراد کو آگے بڑھنا ہو گا اور قوم کی قیادت کرنی ہو گی۔ آنے والا دور جماعت اسلامی کا ہے۔ اقتدار میں آ کر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالیں، سودی نظام کا خاتمہ کریں، امن و امان قائم کیا جائے گا اور کرپٹ افراد کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں