بسیمہ تا خضدار زیر تعمیر سڑک کے متاثرین کا معاوضہ کی عدم فراہمی کیخلاف احتجاج

خضدار (نمائندہ خصوصی) بسیمہ تا خضدار زیر تعمیر سڑک کے متاثرین کو معاوضہ کی عدم فراہمی کے خلاف نال میں احتجاج، ریلی میں درجنوں افراد کی شرکت، معاوضہ ادا نہ کرنے کی صورت میں پانچ دسمبر سے تعمیراتی کمپنی کا کام روکنے اور پندرہ دسمبر سے مکمل پہیہ جام ہڑتال کا اعلان۔۔تفصیلات کے مطابق آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار و زمیندار ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام N-30 سی پیک روڈ متاثرین کو معاوضہ کی عدم فراہمی کے خلاف نال شہر میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں نال، فیروزآباد، گریشہ، کودہ کوڑاسک ہزارگنجی اور شمالی کانک کے متاثرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آل پارٹیز شہری کمیٹی و ذمیندار ایکشن کی قیادت میں احتجاجی ریلی کے شرکاء نال بازار کے مختلف شاہراوں پر نعرہ بازی کرتے ہوئے مین چوک پہنچے جہاں ریلی نے ایک بڑیجلسہ عام کی شکل اختیار کرلی۔جلسہ عام سے چئیرمین ال پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی ایڈوکیٹ حمید بلوچ، بی این پی مینگل کے ضلعی صدر میر شفیق الرحمن ساسولی، پی پی پی کے ضلعی صدر سجاد زیب حسنی، جمعیت علما اسلام کے رہنما مولانا رحمت اللہ مینگل، انجمن تاجران خضدار کے نائب صدر و ال پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری بشیر احمد جتک، بلوچستان عوامی پارٹی نال کے صدر حاجی مرزا خان لانگو، جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے رہنماء مولانا عبدلغفور کرخی، این ڈی پی کے مرکزی رہنما شیر احمد قمبرانی، مزدور اتحاد کے. رہنما عبدلحمید کھیازئی، زمیندار ایکشن کمیٹی کے چئیرمین عبدلوہاب غلامانی، نیشنل پارٹی نال کے صدر خدا بخش بلوچ، بی این پی نال کے رہنما زمیندار نال کے نائب صدر حاجی عبدلرب مینگل، زمیندار ایکشن کمیٹی نال کے جنرل سیکریٹری شریف شہزاد، زمیندار ایکشن کمیٹی نال کے جونیئر نائب صدر ارباب بزگر انجمن تاجران نال کے رہنما چیف محمد بخش گرگناڈی قاری نظر ودیگر نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ N-30 بسیمہ تا خضدار زیر تعمیر سڑک کے متاثرین دو سال سے معاوضوں سے محروم ہیں۔ روڑ کی تعمیر 80 فیصد مکمل ہوچکی ہے لیکن تاحال زمین مالکان کو معاوضہ کی ادائیگی نہیں ہوسکی ہے جو متاثرہ زمینداروں کے ساتھ ظلم کے مترادف اور بہت بڑی نا انصافی ہے۔مقررین نے کہا کہ ہم روڈ کی تعمیر یا ترقی کے خلاف نہیں ہیں لیکن معاوضہ کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر ناقابل برداشت ہے۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی اور ضلعی انتظامیہ کی کوئی وجہ نہیں بنتا کہ متاثرین کو معاوضوں سے محروم رکھا جائے۔آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چئیرمین و دیگر مقررین نے اعلان کیا کہ اگر فوری طور ہر متاثرہ زمینداروں کو معاوضوں کی ادائیگی یقینی نہیں بنائی گئی تو پانچ دسمبر سے تعمیراتی کمپنی کا کام روک دیں گے اور پندرہ دسمبر سے کوئٹہ کراچی شاہراہ سمیت تمام شاہراوں پر دھرنا دیکر پہیہ جام کردیں گے۔مقررین نے سیاسی و عوامی مسائل میں عدم دلچسپی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی افسراں کی لاپرواہی اور مسائل کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے مسائل گھمبیر شکل اختیار کرلیتے ہیں اور تصادم کی راہ ہموار ہوتی ہے۔سیاسی جماعتیں، مزدور، تاجر و زمیندار تشدد کے قائل نہیں لیکن مطالبات پر عملدر آمد کے لیئے احتجاج کے پر امن زرائع استعمال کرنا ہمارا جمہوری حق ہے۔مقررین نے متاثرہ زمینداروں کو یقین دھانی کرائی کہ معاوضوں کی عدم فراہمی اور روا رکھے جانے والے ظلم کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔مقررین نے وزیر اعلی بلوچستان، چیف سیکریٹری بلوچستان، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چئیرمین، کمشنر قلات و دیگر متعلقہ حکان سے مطالبہ کیا کہ N-30 کے متاثرہ زمینداروں کو معاوضوں کی ادائیگی فوری طور پر یقینی بنائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں