ایپکا کی بھوک ہڑ تال چوتھے روز بھی جاری
کوئٹہ:آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن یونٹ کی اپنے مطالبات کے حق میں علامتی بھوک ہڑتال جمعرات کو چوتھے روز بھی ایکسائز کے دفتر میں لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں جاری رہی۔جمعرات کو ایپکا بلوچستان کے صدر نصیرکاکڑ،عمر فاروق اوردیگر مختلف ملازمین تنظیموں اورمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افرا د نے کیمپ آکر اظہاریکجہتی کیا اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ایپکا ایکسائز کے صدر زاہد بلوچ، جنرل سیکرٹری عصمت درانی،میر رزاق محمد شہی،احسان خان نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کے ملازمین گونا گوں مسائل سے دوچار ہیں اس بارے میں کئی مرتبہ انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ایکسائز ملازمین کے سروس رولز میں ترمیم نہ ہونے کی وجہ سے محکمے کے ملازمین کا پروموشن کوٹہ ڈائریکٹ کوٹے میں تبدیل ہوگیا ہے،آن لائن سسٹم میں بے ضابطگیوں کے خلاف باربار آواز اٹھانے کے باوجود نہ تو کوئی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے اور نہ ہی بے ضابطگیوں میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری ایکسائزکا رویہ بھی ملازمین کے خلاف درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سیکرٹری ایکسائز کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور ملازمین کے دیگرمسائل حل کئے جائیں بصورت دیگر ہمارااحتجاج اپنے مطالبات کے حل تک جاری رہے گا۔


