کوئٹہ ویڈیو سکنڈل،ہماری آج کی خاموشی کل کی تباہی ہے،ایواجی الائنس

کوئٹہ:ایواجی الائنس بلوچستان چیپٹر کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کوئٹہ میں خواتین کے خلاف تشدد اور زبردستی برہنہ کرنے پر مبنی ویڈیو سکینڈل سامنے آنے کے واقعے پر سخت افسوس کا اظہار کیاگیا ہے اور اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس واقعے میں ملوث گروہ کوئٹہ شہر میں معصوم لڑکیوں کو ورغلا کر انہیں نشے کا عادی بناتے تھے۔اور ان لڑکیوں کی برہنہ ویڈیوز بناکر انہیں بلیک میل کیا جاتا تھا۔اور بعد ازاں ان کی عزت لوٹ لی جاتی تھی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث گروہ کے کچھ افراد گرفتار بھی کرلئے گئے ہیں جن میں سرغنہ ہدایت اللہ بھی شامل ہے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ جنسی درندگی ہے اور خواتین کے ساتھ انتہائی ظلم و بربریت ہے۔ لہذا اس موقع پر ایواجی الائنس بلوچستان چیپٹر کی جانب سے اس واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف بھرپور کارروائی اور عبرتناک سزا دینے کی استدعا کی جاتی ہے۔جبکہ معزز عدالت عالیہ کے چیف جسٹس سے مطالبہ ہے کہ ازخود نوٹس لیکر ایک عدالتی کمیشن بنایا جائے تاکہ اس ظلم اور درندگی کے شکار خواتین کو انصاف مل سکے۔ ہم حکومت بلوچستان اور تمام اراکین اسمبلی سمیت پوری سول سوسائٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں تاکہ بلوچستان کے ماں بیٹیوں اور بہنوں کی عزتوں کو آئندہ کے لئے بچایا جاسکے۔ ہماری آج کی خاموشی ہماری کل کی تباہی ہے۔ ایواجی الائنس بلوچستان چیپٹر کے بیان میں کہاگیا ہے کہ بلوچستان بھر میں جنسی درندگی کے واقعات اور خواتین پر تشدد میں گزشتہ سالوں سے اضافہ ہواہے۔اور بے شمار بچیاں اور بچے جنسی درندگی بلکہ درد ناک موت کے بھی شکار ہوئے ہیں۔لہذا حکومت بلوچستان اپنے موجود قوانین پر اس حوالے سے سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں بلکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ایسے واقعات کو مستقبل میں روکنے کے لیے نئے سخت ترین سزاں اور فوری فیصلوں پر مشتمل نئے قوانین بنائے جائیں۔ اور ملوث درندوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں