وفاقی وزیر کی گیس کے متعلق بیان انتہائی قابل مذمت ہے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
کوئٹہ:پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں گیس کی لوڈشیڈنگ وپریشر کی کمی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کوئٹہ، پشین، زیارت،مستونگ،قلات واطراف میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی عوام دشمن اقدامات کے باعث عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے جبکہ نااہل، مسلط،ناکام سلیکٹڈ حکومت کے ایک وفاقی وزیر کی جانب سے یہ بیان دینا کہ گیس کی سہولت ختم ہورہی ہے انتہائی قابل مذمت اور قابل گرفت ہے کیونکہ گزشتہ تین سالوں میں گیس کی پیداوار میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہ کرنے اور عوام کو گیس کی سہولت نہ دینے سمیت ہر شعبہ زندگی میں سلیکٹڈ حکمرانوں کی نااہلی،ناکامی ثابت ہوچکی ہے اور ان سلیکٹڈ،نااہل اور ناکام حکمرانوں کی تمام پالیسیاں اور اقدامات عوام دشمنی پر مرکوز ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے مذکورہ بالا اضلاع میں اس وقت شدید سردی ہے اور درجہ حرات منفی 9تک پہنچ چکی ہے لیکن ان اضلا ع کے اندرون شہری علاقوں میں گیس پریشر ٹھیک نہیں ہے جبکہ اطراف کے علاقوں کے صارفین مکمل طور پر گیس سے محروم ہیں۔ جس کے باعث ضعیف العمر افراد، خواتین، بچوں، مریضوں کو انتہائی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ شدید مہنگائی وبیروزگاری کے باعث غریب عوام گیس کے متبادل ایندھن کو استعمال کرنے کی بھی بساط نہیں رکھتے ہیں مختلف علاقوں میں لوگ درختوں کی کٹائی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے اندرون شہرعلاقوں کواری روڈ، سرکی روڈ، ملک فقیر محمد روڈ،ملک جان محمدکاسی روڈ، خالق آباد، پشتون آباد،شالدرہ، کاسی روڈ، نیچاری، میر احمد خان روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن، نیو اڈہ، سریاب، دیبہ، ترخہ، ہدہ، بروری روڈ، ہزارہ ٹاؤن، پشتون باغ، خروٹ آباد، سرُ پل، سمنگلی،نوحصار، اغبرگ، بلیلی، کچلاک، چشمہ، کلی برات،عالمو، کوٹوال،نواں کلی، زرغون آباد، لیبر کالونی، کلی ناصران، سرہ غوڑگئی، ہنہ اوڑک سمیت تمام شہر میں گیس پریشر کم اور گیس لوڈشیڈنگ سے شہری اذیت ناک صورتحال کا سامنا کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے گیس پریشر کی کمی اور اچانک بندش کے باعث گزشتہ ایک ماہ میں کئی افسوسناک واقعات ہوچکے ہیں جن میں انسانی جانوں کی ضیاع ہونے اور جھلسنے کے کئی واقعات شامل ہیں جس کی ذمہ دار سوئی سدرن گیس کمپنی ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی عوام کو بلا تعطل گیس درست پریشر کے ساتھ یقینی بنائیں اور گیس پریشر کی کمی ولوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔


