پی ٹی آئی پاکستان کی مقبول و منظم ترین سیاسی قوت ہے،عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول اور منظم ترین سیاسی قوت ہے،سیاسی و انتظامی طور پر نچلی ترین سطح تک عوام کو بااختیار بنانے کے ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں، وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر سمیت سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے شرکت کی،اجلاس میں تحریک انصاف کے آئین پر نظر ثانی کیلئے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کی پیش کردہ سفارشات پر غور کیا گیا اورچیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے نظرثانی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئی آئینی سکیم کی منظوری دے دی،وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کی قیادت میں نئے نامزد کردہ ذمہ داران کو نچلی ترین سطح تک تنظیم سازی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی فوری ہدایت کر دی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول اور منظم ترین سیاسی قوت ہے، سیاسی و انتظامی طور پر نچلی ترین سطح تک عوام کو بااختیار بنانے کے ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں، قومی تعمیر و ترقی کے عمل میں سماج کے غریب طبقے کی بہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، صحت کارڈ سے سستے راشن کی اسکیموں تک حکومت فلاحی ریاست کی طرز پر عوامی بہبود پر غیر معمولی وسائل صرف کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ کارکنان تحریک انصاف کی حکومت کے فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے عمل میں شرکت کریں، تحریک انصاف کے تنظیمی ذمہ داران ہر سطح پر خود کو منظم اور آئندہ کے سیاسی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی تیاری کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں