عمران خان نے ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے منصوبے کا افتتاح کر دیا

ڈیرہ اسماعیل خان:وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں سی کو فائدہ پہنچانے کے لیے سڑکیں نہیں بنائی جارہی تھیں بلکہ پیسے بنانے کے لیے بنائی جاتی تھیں جبکہ آج ملک میں 2013 کی نسبت زیادہ سستی سڑکیں بن رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہکلہ، ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے این ایچ اے کے عہدیداران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مراد سعید کی وزارت نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک طویل المدتی منصوبوں سے بنتے ہیں، چین آج اس لیے کامیاب ہے کہ انہوں نے 30 سال کی منصوبہ بندی کی ہے، جب آپ اس منصوبہ بندی کے مطابق چلتے ہیں تو ملک ترقی کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سارے ترقی پذیر ممالک کا یہ مسئلہ ہے کہ ایک دو علاقوں میں زیادہ منصوبے بنائے جاتے ہیں باقی علاقے پیچھے رہ جاتے ہیں، 1960 میں پاکستان کی طویل دورانیہ منصوبہ بندی تھی، اس دوران پاکستان کے بڑے بڑے منصوبے بنے۔ وزیراعظم نے کہا کہ این ایچ اے نے قبضے کی زمینوں کو واپس حاصل کیا اور تجاوزات ختم کرائے۔ طویل منصوبہ بندی نہ کرنے سے تھوڑے علاقے آگے بڑھ جاتے ہیں، مگر ایسا نہ ہوسکا، ہمیں بڑے منصوبوں پر کام کرنا ہے۔وزیر اعظم نے ہکلہ۔ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے منصوبے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ یہ ان علاقوں سے مل رہا ہے جو پیچھے رہ گئے، لوگ انہیں بھول گئے ہیں، لوگ میانوالی سے پیسے بناتے ہیں اور لاہور کی طرف آجاتے ہیں تاکہ اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دلوا سکے، اس وجہ سے ان علاقوں کے اسپتال پسماندہ ہوگئے ہیں اور یہاں تعلیم کا نظام نیچے چلا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے شمالی روٹ کی وجہ سے بے شمار فوائد ہوں گے، جس سے نہ صرف ان علاقوں کے سفر کا دورانیہ کم ہوگا بلکہ اس سے یہ علاقہ ترقی بھی کرے گا۔ اس موقع پر ہیلتھ کارڈز کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مارچ تک پنجاب کے ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ فراہم کریں گے، ہرخاندان کے پاس 10 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس ہوگی، ہیلتھ کارڈ سے ہیلتھ کا پورا سسٹم بن جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ مجھے یاد ہے مجھے میانوالی کے لوگ کہتے تھے کہ ہمیں علاج کے لیے اسلام آباد کے ہسپتال جانا پڑتا ہے تب تک کئی مریض راستے میں ہی دم توڑ جاتے ہیں، جس کے حل کے لیے ہم نے ہیلتھ کارڈ نکالا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ہیلتھ کارڈ سے 10 لاکھ روپے تک کا مفت علاج کروایا جاسکے گا اور اس ہیلتھ سسٹم کے ذریعے نجی شعبہ میانوالی جیسے علاقوں میں اسپتال بنائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں