بلوچستان، نماز تراویح کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا جاسکا

کوئٹہ:صوبائی حکومت اور اضلاع کی انتظامیہ کی جانب سے نماز تراویح کے حوالے سے جاری کئے گئے ایس او پیز پر پہلی تراویح کے موقع پرعملدرآمد ممکن نہیں ہوسکا بلکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مختلف علاقوں سمیت صوبے کے اضلاع سے بھی ایس او پیز پرعملدرآمد نہ ہونے اور اس کی خلاف ورزی کی خبریں ملتی رہی،یاد رہے کہ صوبائی حکومت نے تمام مساجد میں نماز تراویح کے حوالے سے ایس او پیز جاری کی تھی جس کے تحت نہ صرف تمام ملازمین کو جائے نماز گھر سے لانا لازمی قراردیا گیا تھا بلکہ دوصفوں کے درمیان چھ فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنے،جراثیم کش اسپرے کرنے،تراویح میں شریک افراد کے درمیان تین تین فٹ فاصلہ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی مگر ایسا کم ہی دیکھنے کو ملا اکثر مساجد میں نہ صرف ختم القرآن تراویح کااہتمام کیا گیا بلکہ لوگ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر نماز تراویح پڑھتے نظر آئے بلکہ صفوں کے درمیان فاصلے کا بھی خیال نہیں رکھاگیا تراویح میں شریک افراد کی بڑی تعداد نے ماسک پہننے کو بھی ترجیح نہیں دی جس کی وجہ سے صوبائی دارلحکومت کوئٹہ اور صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد میں بے چینی پھیل گئی ہے ان کاکہناتھاکہ ایک طرف ایس او پیز کو نظرانداز کیاجارہاہے جبکہ دوسری جانب مساجد میں ضعیف العمر افراد اور بچوں کا بھی نماز تراویح کے دوران جم غفیر نظرآتاہے جو صحیح نہیں۔اس سلسلے میں حکومت اورضلعی انتظامیہ اقدامات اٹھائیں اور علماء اکرام کو ایس او پیز پرعملدرآمد کیلئے احکامات دیں تاکہ عالمی وباء کے پھیلنے کے امکانات کم ہوسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں