ہماری جماعت بلوچستان سمیت پورے ملک میں ہر طبقہ فکر کی بھرپور انداز میں نمائندگی کررہی ہے، نواب ثناء اللہ خان زہری

خضدار:پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلی بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ ہماری جماعت بلوچستان سمیت پورے ملک میں ہر طبقہ فکر کی بھرپور انداز میں نمائندگی کررہی ہے حالیہ دنوں میں قبائلی عمائدین کی پیپلزپارٹی میں شمولیت اور پھر اس جماعت میں ثابت قدم رہنا پارٹی کے دستور اغراض و مقاصد اور نظریہ سے سمجھوتے کا بہترین تصور اور عملی تصویر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی خضدار کے رہنماء اور وڈھ کے قبائلی شخصیت میرمحمدہاشم شاہیزئی مینگل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل پارٹی رہنماء میر محمد ہاشم شاہیزئی مینگل نے وفد کے ہمراہ جھالاوان ہاؤس کراچی میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے ملاقات کی۔ پارٹی اور قبائلی امور سمیت دیگر امور دونوں رہنماؤں کے مابین تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھا کہ ہم نے بلوچستان کے کوہسار بیابان اور شہر ودیہی علاقوں میں سیاسی محاذ پر ایک عمرگزاری ہے بلوچستان کے عوام کا ہر درد و دکھ ہماری سوچ اور دل پر نقش ہے۔ دنیاء جدوجہد اور آگے بڑھنے کا نام ہے ہم نے ہمیشہ عوام کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کے لئے جدوجہد کی ہے اور اب بھی اس فریضہ اور ذمہ داری کو قبائلی عمائدین و پارٹی ورکرز کے تعاون اور ان کی سپورٹ سے آگے بڑھارہے ہیں۔ عوام کے چہروں پر اطمینان اور سکون دیکھ کر ہی ہمیں اپنی کامیابی کا احساس ہوجاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں