منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے،عمران خان

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر ہدایت کی ہے کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے،کھاد کی مناسب فراہمی کے لیے انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے،ملک میں اشیائے ضروریہ کی کوئی کمی نہیں۔ بدھ کو وزیر اعظم کی زیرصدارت ملک میں کھاد کی طلب اور رسد کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی ربیع سیزن کے لیے فصل کی پیداوار کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کے لیے کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعظم نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار کسان دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کسان پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ یوریا کی قلت سے متعلق افواہوں کو دور کرنے کے لیے موثر عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔بتایاگیاکہ گزشتہ ہفتے اوسطاً 19000 میٹرک ٹن فی دن کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، انسداد اسمگلنگ میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے یوریا کے 92845 تھیلے ضبط کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں