کسان کش پالیسیوں کے خلاف کل بلوچستان بھرمیں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے،پی پی پی

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی کسان کش پالیسیوں اور کھاد کی مصنوعی قلت کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پرآج (پیر) کو ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی کسان مارچ کے موقع پراحتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے پارٹی کے جیالے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو پارٹی کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے موجودہ دورحکومت میں کسانوں کوفصلوں کی مناسب قیمت نہ ملنے کی وجہ سے وہ دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں نااہل عمران نیازی کی کسان کش پالیسیوں کے خلاف پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پرآج بلوچستان بھر میں کسان مارچ کے موقع پرریلیاں نکالی اوراحتجاجی مظاہرے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان کا کسان خوشحال نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرسکتا،سلیکٹڈ حکومت کسانؤں کوکھاد کی فراہمی میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اورکسان کھاد کے حصول کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں اور مافیاز سے مہنگے داموں کھاد خریدرہے ہیں جس سے ملک میں گندم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا ک بلوچستان کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز اور صوبائی سطح پر کچلاک میں آج کسان مارچ کے حوالے سے ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے پیپلز پارٹی کے جیالے کسان ریلیوں اوراحتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کرکے موجودہ حکمرانوں سے نفرت اور کسانوں سے یکجہتی کااظہارکریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں