پی ایم ایس اے کی کھلے سمندر میں کارروائی، 13بھارتی ماہی گیر گرفتار
کراچی:پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے)کے عملے نے کھلے سمندر میں سر کریک کے قریب سے بھارتی ماہی گیروں کی دو کشتیوں کو پکڑ لیا جن میں سوار 13ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔بھارتی ماہی گیروں پر پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور خلاف قانون مچھلیاں پکڑنے کا الزام ہے۔ترجمان پی ایم ایس اے کے مطابق سر کریک کے قریب پاکستانی ماہی گیروں کی حفاظت کے لیے OPS MUSTAID کے نام سے ایک فوکس آپریشن شروع کیا گیا ہے کیونکہ یہ اطلاع ملی تھی کہ بھارتی ایجنسیاں جان بوجھ کر پاکستانی ماہی گیروں کو پاکستانی سمندری حدود سے گرفتار کرتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران 05فروری کو پی ایم ایس کے کے جہاز نے 2بھارتی ماہی گیری کشتیاں معراج علی کو عملے کے 7ارکان اور لانچ الاحد کو عملے کے 6ارکان کے ساتھ پکڑا جو غیر قانونی شکار میں مصروف تھے۔ترجمان کے مطابق آپریشن کے وقت دونوں کشتیاں پاکستانی زون کے اندر موجود تھیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ہندوستانی کشتیاں اوکھا سے آتی ہیں جو پاکستان سے 70نارٹیکل کے فاصلے پر ہیں۔یہ عمل ہمارے وسائل کے انڈس ڈیلٹا خطے میں جان بوجھ کر چھیڑ چھاڑ کا ذریعہ بن رہا ہے۔دونوں کشتیوں کو پاکستانی اور سمندر کے قانون سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزی پر مزید قانونی کارروائی کے لیے کراچی لایا گیا ہے۔


