نوابشاہ،زمین کے تنازع پر 5 افراد کی ہلاکت، بھنڈ برادری کا میتیں رکھ کر دھرنا جاری
نوابشاہ:نواب شاہ کے علاقے مرزا پور میں زمین کے تنازع پرفائرنگ سے 5 افراد کی ہلاکت پر بھنڈ برادری کا گزشتہ رات سے لاشیں رکھ کر دھرنا جاری ہے، دھرنے کے باعث سندھ کو پنجاب سے ملانے والی قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہے۔
خیال رہے کہ نواب شاہ کے علاقے مرزا پورمیں دوبرادریوں کےدرمیان زمین کے تنازع پر جھگڑےکے بعد ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کے ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت 6 افرادجاں بحق ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے پکٹ انچارج سمیت 3 افراد موقع پر جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیاجہاں تین زخمی دم توڑ گئے،مرنے والوں میں 5 افراد بھنڈ برادری کے ہیں۔
بھنڈ برادری کی جانب سے گذشتہ رات 8 بجے سے قاضی احمد قومی شاہراہ پر میتیں رکھ کر دھرنا جاری ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ مقدمے کے اندراج اور ملزمان کی گرفتاری تک دھرنا جاری رہےگا۔بھنڈ برادری کے دھرنےکے باعث پنجاب سے آنے والے ٹریفک کو براستہ مورو، دادو اور کراچی کی جانب اور کراچی سے آنے والے ٹریفک کو سعید آباد بائی پاس سے دیگر اضلاع کی جانب روانہ کیاجارہا ہے۔


