سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ذمہ داروں کیخلاف عدم کارروائی پر بھارتی ناظم الامورکی دفتر خارجہ طلبی، احتجاج

اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردی کو بطور ریاستی ہتھیار استعمال کرنا بند کرے، بی جے پی کی قیادت میں بھارت کی حکومت دہشتگردوں کی کھلی حامی اور ان کو تحفظ فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،بھارت سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے،بھارت سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے منفی پروپیگنڈہ کر رہا ہے، سرحد پار سے بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے،پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور مفادات کا تحفظ جانتا ہے، 22، 23مارچ کو ہونے والی او آئی سی وزرا خارجہ کانفرنس کیلئے باضابطہ دعوت نامے ارسال کر دئیے گئے ہیں۔جمعہ کواپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ آج سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ کو 15 سال ہو چکے، اور بھارت اس گھناﺅنے سانحہ کے ملزمان کو کٹہرے میں لانے اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہا، سانحے کے ذمہ داروں کے اعترافِ جرم کے باوجود ان کی رہائی یہ ظاہر کرتی ہے کہ بی جے پی کی قیادت میں بھارت کی حکومت دہشتگردوں کی کھلی حامی اور ان کو تحفظ فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔جمعہ کی صبح بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان کی طرف سے احتجاج کیا گیا، بھارت سے مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں