ترکی میں کورونا سے متعلق غلط خبروں پر 402انٹرنیٹ صارفین گرفتار

انقرہ:ترکی میں سوشل میڈیا پر کورونا وائرس سے متعلق غلط، جھوٹی معلومات اور خبریں شیئر کرنے پر 402 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سرکاری حکام نے کہاکہ حراست میں لئے گئے افراد کے سوشل میڈیا پیغامات میں لاک ڈاون کے دورانیے کو بڑھانے سے متعلق غلط دعوے کئے جا رہے تھے۔ساتھ ہی صارفین حکام پر الزامات عائد کر رہے تھے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی اصل تعداد کو چھپایا جا رہا ہے۔ترکی کی وزارت داخلہ کے مطابق گزشتہ 42 دنوں کے دوران سوشل میڈیا کے 6362 اکاونٹس کا جائزہ لیا گیا اور 855 مشتبہ افراد کی تصدیق کی گئی جس کے بعد 402 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ترکی میں مارچ کے آخر میں بھی غلط اور جھوٹی معلومات سوشل میڈیا پر ڈالنے پر 410 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ترکی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2800 ہے جبکہ 1لاکھ 10ہزار سے زیادہ مریض ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں