آسٹریلیا میں سیلاب سے تباہی، پولیس آفیسر نے 93 سالہ خاتون کو بہادری سے بچا لیا
سڈنی:نیو ساتھ ویلز میں پولیس آفیسر نے سیلاب سے تباہ شدہ گھر کے اندر پھنسی 93 سالہ خاتون کو بہادری سے بچا لیا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں تیز بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی، سڈنی سمیت کوئنز لینڈ اور نیو ساتھ ویلز میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر عوام کو خبردار کردیا گیا ہے کہ وہ علاقوں سے محفوظ جگہ پر منقتل ہوجائیں۔ اس صورتحال میں ایک 93 سالہ خاتون اپنے سیلاب زدہ گھر کی چھت سے محض 20 سینٹی میٹر کے فاصلے پر ایک گدے پر تیرتی ہوئی پائی گئی۔ اس دوران پولیس نے گھر کے اندر سے ایک ہلکی سی آواز سنی ، جس میں خاتون مدد کیلئے پکار رہی تھی، جس کے بعد ایک کانسٹیبل نے کھڑکی سے چھلانگ لگا کر خاتون کو کشتی پر نکالا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے کیونکہ تباہ کن سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ سیلاب سے اب تک چار ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے ، جس میں 80 سالہ دو خواتین اور 70 سالہ ایک مرد سیلاب زدہ گھروں میں مردہ پائے گئے، جب کہ ایک اور شخص کی لاش لزمور کی گلی میں تیرتی ہوئی ملی۔


