اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کی قرار داد منظور

اسلام آباد (انتخاب نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کے زیر اہتمام قرارداد کو منظور کرتے ہوئے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن قرار دیا ہے. بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی قرارداد کی حمایت او آئی سی کے تمام ممالک کے ساتھ ساتھ چین اور روس نے بھی کی انہوں نے اس پیشرفت کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امت مسلمہ کو مبارک ہو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نفرت انگیز بیانیے کو لگام دینی چاہیے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف جدوجہد کا آغاز کیا. وزیر اعظم کی ہدایت پر میں نے اس معاملے کو نیامے میں منعقد ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس میں اٹھایا گیا نیامے میں ہونے والے اجلاس میں زمین ہموار ہوئی اور ہم نے امہ کو اس مسئلے پر یکجا کیا اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف متفقہ قرارداد منظور ہوئی، اس کے بعد پاکستان نے اقوام متحدہ میں قراردادپیش کی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے کہا کہ نبی آخر الزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے نفرت انگیز بیانیے کو لگام دینی چاہیے الحمدللہ دنیا نے ہمارے موقف کو تسلیم کیا ہے اور ہماری تجویز پر یہ فیصلہ ہوا ہے کہ ہر سال پندرہ مارچ کے دن کو اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے طورپر منایا جائے گا انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان کو اسلاموفوبیا کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے میں اس کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔