یوکرین، روسی فوج نے فائرنگ کرکے بیٹے کے سامنے ماں باپ کو قتل کردیا
کیف:روسی فوجیوں نے یوکرین میں بیٹے کے سامنے اس کے ماں باپ کو قتل کردیا، جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یوکرین سے اس مبینہ واقعے کی ایک ڈرون فوٹیج سامنے آئی ، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ شخص گرفتاری دینے کی بھی کوشش کر رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں جس شخص کو ہاتھ اٹھا کر روسی فوجیوں کے سامنے گرفتاری دینے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے اس کی شناخت میکزم آئیوینکا کے نام سے ہوئی ہے۔ ان کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ اور چھ سالہ بیٹے کو گاڑی میں محفوظ مقام کی جانب لے کر جارہے تھے۔ آنجہانی شخص کے دوست نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ ہم نے فائرنگ کی آواز سنی، ان فوجیوں نے راہداری پر فائرنگ کی تو ہم سب واپس ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ جب ہم سب واپس آکر ایک جگہ رکے تو دیکھا کہ ہماری ایک گاڑی غائب ہے، اس گاڑی میں میکزم، ان کی اہلیہ، بیٹا اور میری والدہ بھی تھیں۔ اس شخص کے دوست نے بتایا کہ میرے والد نے مجھ سے کہا کہ میکزم واپسی پر تھا، لیکن پھر اس نے ان (فوجیوں کے سامنے)اپنے ہاتھ بھی اٹھائے اور ساتھ میں چلایا کہ اس گاڑی میں بچے ہیں لیکن پھر بھی انہوں نے گولیاں چلادیں۔انہوں نے بتایا کہ واقعے میں میکزم اور اس کی اہلیہ ہلاک ہوگئے اور بیٹا محفوظ رہا جبکہ میری والدہ اس میں زخمی ہوئیں تھیں جنہیں بعد روسی فوجیوں نے جانے دیا۔


