مقامی صحافی مغربی میڈیا کے ایجنڈے پر عمل پیراہیں،چین

بیجنگ (این این آئی)چین کے سرکاری میڈیا نے چینی صحافیوں کے خلاف تنقیدی مضامین کی اشاعت کا سلسلہ شروع کیا ہے جس میں ان پر الزامات لگائے گئے ہیں کہ وہ چین مخالف رپورٹنگ میں غیر ملکی میڈیا کی مدد کر رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق چین کے سرکاری میڈیا نے گزشتہ چند ہفتوں سے مغربی میڈیا پر حملوں میں اضافہ کر دیا۔سرکاری میڈیا نے مغربی میڈیا پر الزام عائد کرتے ہوئے لکھا کہ ابلاغ عامہ کی مغربی تنظیموں نے چینی میڈیا کے سرکردہ صحافیوں کے ایک گروہ کو بھرتی کر کے اسے پیادوں کی طرح استعمال کرتے ہوئے انہیں چین کے خلاف انتہائی نقصان دہ قسم کی بیان بازی اور منفی پروپیگنڈا کرنے پر مامور کیا ہے۔اس رپورٹ میں مزید کہا گیاکہ اس طرح کے پروپیگنڈا کی مدد سے چین کی داخلہ اور خارجہ پالیسیوں کو مسخ کر کے مغربی دنیا میں چین کے خلاف انتہائی متعصبانہ سوچ کو فروغ دینے کی کوشش جاری ہے۔ یہ بنیادی پیشہ وارانہ اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ طرز عمل کسی بھی قسم کی معروضیت کے احساس کو ختم کرنے کا سبب بنتا ہے۔