برطانیہ 20ارب پاونڈ مالیت کا جوہری پلانٹ تعمیر کرے گا

لندن(آئی این پی)برطانیہ 20ارب پاونڈ مالیت کا جوہری پلانٹ تعمیر کرے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حکومت سائز ویل میں 20 ارب پاونڈ کے بڑے جوہری پلانٹ میں 20 فیصد حصص لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔فرانسیسی کمپنی ای ڈی ایف بھی جوہری پاور اسٹیشن میں 20% حصص لے گی۔حکومت کو امید ہے کہ دو بنیادی سرمایہ کاروں کی تصدیق کے بعد بقیہ 60% حصص کے لیے سرمایہ کاروں کو راغب کیا جائے گا۔ برطانیہ کی نئی توانائی پالیسی میں سائزویل پلانٹ بہت اہم ہے تاہم شمالی ویلز میں وائلفا کے مستقبل کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ متوقع نہیں ہے۔سرکاری عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وائلفا میں نئی جوہری تنصیبات بھی اہمیت کی حامل ہے، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ یہ منصوبہ فوسل ایندھن پر برطانیہ کے انحصار کو کم کرنے کے منصوبوں کا لازمی جزو ہے۔یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا ان اضافی عزائم میں بڑے پیمانے پر پلانٹس، نیوکلیئر سب میرین ٹیکنالوجی پر مبنی چھوٹے ری ایکٹر، یا دونوں شامل ہوں گے۔حکومت کی حکمت عملی میں شمسی اور ہوا کی توانائی کے منصوبے بھی شامل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں