لاہور سچل گیس پراسیسنگ پلانٹ کے ذریعے سستی گیس کی فراہمی شروع
لاہور (انتخاب نیوز) ملک میں 15 سال قبل دریافت ہوئی گیس کو استعمال کے قابل بنا دیا گیا، سچل گیس پراسیسنگ پلانٹ کے ذریعے یومیہ دو کروڑ کیوبک فٹ سستی گیس کی سپلائی شروع کردی گئی۔ اس حوالے سے سامنے آنے والی تفصیلات سے معلوم ہوا ہے کہ ماڑی پیٹرولیم کی طرف سے 15 سال قبل دریافت کی گئی گیس کو استعمال کے قابل بنایا گیا ہے، جس کے لیے ماڑی پیٹرولیم نے 25 کلومیٹر پائپ لائن تعمیر کرکے سوئی نادرن کو سپلائی شروع کردی، سچل گیس پراسیسنگ پلانٹ کے ذریعے 2 کروڑ کیوبک فٹ یومیہ سستی گیس کی سپلائی شروع ہوگئی۔اس سلسلے میں ایم ڈی ماڑی پیٹرولیم فہیم حیدر نے بتایا کہ 9 کروڑ کیوبک فٹ مزید گیس اسی سسٹم کے ذریعے رواں سال سوئی نادرن کو سپلائی ہوگی جو ملکی مجموعی گیس سپلائی کا 6 فیصد حصہ ہوگی جب کہ اس سے پہلے کمپنی جون 2021 میں بھی 4 کروڑ کیوبک فٹ گیس سسٹم میں شامل کرچکی ہے۔دوسری طرف پاکستان نے روس کے ساتھ بڑا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ روس سے قدرتی گیس اور گندم کی درآمد کر سکے گا، جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ مبینہ معاہدہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب مغربی ممالک نے روس کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کر لیے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے بھی گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ روسی صدر کے ساتھ بہت بڑے مذاکرات ہوئے ہیں۔روسی میڈیا کے مطابق یہ معاہدہ موجودہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ ماسکو کے موقع پر کیا گیا تھا اور اس وقت وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان روس سے جلد 20 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کرے گا،دونوں رہنماں نے طویل عرصے سے التوا کا شکار پاکستان اسٹیل مل گیس پائپ لائن کی تعمیر پر بھی بات کی، اب یہ گیس پائپ روسی کمپنیوں کے تعاون کے ساتھ تعمیر کی جائے گی۔


