پی پی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل کی حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد
کراچی (انتخاب نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل کی حفاظتی ضمانت کی درخواست مستر د کرتے ہوئے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق وکیل سے دلائل طلب کرلیے۔ہائیکورٹ میں پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل کی حفاظتی ضمانت سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ قادر پٹیل نے اٹارنی کے زریعے عدالت سے رجوع کیا۔درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ اے ٹی سی نے اہم قانونی نکات کو نظر انداز کیا۔ قادر پٹیل اے ٹی سی میں پیش ہونا چاہتے ہیں گرفتار کرنے سے روکا جائے۔ قومی اسمبلی میں اجلاس اور سیاسی مصروف کے باعث قادر پٹیل اے ٹی سی میں پیش نہیں ہوسکے تھے۔ عدالت نے قادر پٹیل کی حفاظتی ضمانت منظور کرنے سے انکار کردیا۔عدالت نے ریمارکس دیئے قادر پٹیل ملک میں موجود ہیں، اگر گرفتاری کا خطرہ ہے تو اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کرسکتے ہیں۔عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر قادر پٹیل کے وکیل سے دلائل طلب کرلیے۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے دہشتگردوں کے علاج کے مقدمے میں عدم پیشی پر قادر پٹیل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ اے ٹی سی نے وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی استدعا بھی مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ اسمبلی اجلاس نہیں ہورہا تو قادر پٹیل پیش کیوں نہیں ہوئے۔


