امارت اسلامیہ افغانستان نے پوست کی فصل کاشت کرنے پر پابندی لگادی

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) امارت اسلامیہ افغانستان نے پورے افغانستان میں پوست کی فصل کاشت کرنے پر فی الفور پابندی لگادی۔ اس ضمن میں گزشتہ روز امارت اسلامیہ افغانستان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوانزادہ نے پشتو زبان میں ایک حکم جاری کیا ہے جس کے مطابق افغانستان بھر میں پوست کی فصل کاشت کرنے پرفوری طور پر سختی سے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ اس حکم نامہ کے تحت عائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر اسلامی قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی اور پوست فصل کو تلف کرکے تباہ کردی جائے گی۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان میں منشیات کے استعمال‘ نقل وحمل‘ خرید و فروحت‘ درآمد و برآمد اور منشیات جیسے الکحل‘ ہیروئن‘ آئس اور چرس وغیرہ کی تیاری پر سختی سے ممانعت ہے۔حکم میں کہا گیا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان کے حکم پر عمل کرنا ہرشہری پر لازم ہے۔