شہر کی صفائی بھی تب ممکن ہے جب تمام طبقات تعاون کریں،میٹرو پولیٹن

کوئٹہ:ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ شوکت علی نے شہری مسائل کے حل کے لئے شہریوں اور تاجر برادری سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹرپوولیٹن کا عملہ دن رات شہر کی صفائی کے لئے کام کررہا ہے کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اس کی صفائی بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے لہذا شہری اور تاجر برادری شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں ہماری مدد کریں ماہ صیام میں روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی مہم جاری ہے عملہ صفائی پہلے سے جاری اقدامات میں مزید تیزی لائے تاکہ شہری کی صفائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ گزشتہ روزمیٹروپولیٹن کے افسران وعملہ صفائی سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ شوکت علی نے عملہ صفائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مختلف علاقوں میں تشکیل دی گئی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر کچرہ اٹھا کرٹھکانے لگارہی ہیں سوزوکی ڈمپر اور دیگر ہیوی مشینری کو بروئے کار لاتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن شہر کی صفائی ستھرائی، نکاسی آب، سٹریٹ لائٹس، انکروچمنٹ، بلڈنگ اور دیگر معاملات کودیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملہ صفائی کی کوششیں قابل ستائش ہیں تاہم شہر کی صفائی ستھرائی کا ہدف اس وقت تک حاصل نہیں ہوسکتا جب تک شہری اورتاجر برادری بھی میٹروپولیٹن کارپوریشن کا ساتھ دیں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر ہم سب کا مشترکہ گھر ہے جس طرح گھر کی صفائی ستھرائی میں گھر کے ہر فرد کا حصہ ہوتا ہے اسی طرح کوئٹہ شہر کی صفائی بھی اسی وقت ممکن ہے جب شہر کے تمام طبقات میٹروپولیٹن کارپویشن کا ساتھ دیں۔دریں اثنا ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کومختلف شعبہ جات کی ماہ اپریل کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کردی گئی جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر نے ہدایت کی کہ میٹروکا عملہ پہلے سے جاری اقدامات میں مزید تیزی اور بہتری لائے تاکہ شہری مسائل کے حل کو یقینی بنایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں