کراچی یونیورسٹی میں دھماکا،3چینی باشندوں سمیت 4 افراد ہلاک

کراچی: جامعہ کراچی میں کامرس ڈیپارٹمنٹ کے قریب وین میں دھماکے میں 3 چینی باشندوں سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے، جس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق اساتذہ کی گاڑی کے ساتھ دوسری گاڑی ٹکرائی۔

ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ دھماکے میں تین سے ساڑھے تین کلو دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا، گاڑی پر بال بیرنگ سمیت بارودی مواد کے نشانات موجود ہیں، گاڑی روزانہ کی بنیاد پر اسی وقت آتی جاتی تھی، بم ڈسپوزل اسکواڈ حتمی طور پر بارودی مواد کا بتائے گا، گاڑی میں غیر ملکیوں کے حوالے سے تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وین میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی ایسٹ اور ایس پی ایسٹ کو فوری جائے وقوع پر پہنچنے کی ہدایت کر دی۔ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ زخمیوں کو فوری ڈاؤ اسپتال منتقل کیا جائے، کوشش کی جائے کہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔

وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دھماکے میں 3 چینی جاں بحق ہوئے ہیں، وزیراعظم آفس نے دھماکے کی رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جلد سامنے آ جائے گی، امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں