این آر او ٹو کے ذریعے انصاف کے نظام کی قبر کھو دی جائے گی، عمران خان

لاہور (انتخاب نیوز) سابق وزیر اعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چاہتا ہوں جب کال دوں توکم از کم 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں،آج کے حکمران اپنی چوری بچانے کیلئے پورے ملک کو غلام بنا دیں گے، ملک پر سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، امپورٹڈ حکومت سے امریکہ ہمیں فتح کیے بغیر کنٹرول کرے گا، امریکہ بوٹ پالشیے چیری بلاسم کے ذریعے ہمیں کنٹرول کرے گا،این آر او ٹو کے ذریعے شریف اور زرداری خاندانوں او ران کے حواریوں کے مقدمات معاف ہوں گے ، این آر او ٹو کے ذریعے انصاف کے نظام کی قبر کھو دی جائے گی،چیف الیکشن کمشنر (ن) لیگ کا ایجنٹ ہے ہم اس کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، کوئی اخلاقی جواز نہیں کہ آپ اس عہدے پر رہیں آپ کو مستعفی ہونا چاہیے۔ایوان اقبال لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں آپ کے پاس آپ کی تیاری کرانے آیا ہوں ،یہ پاکستان کے لئے یہ فیصلہ کن وقت ہے،لاہور کے کارکنان کا آنے والے دنوں میں اہم کردار ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کو مینار پاکستان کے کامیاب جلسے کی مبارکباد بھی پیش کرتا ہوں ، میں نے اپنے 26سالوں میں کبھی اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا جو مینار پاکستان پر منعقد ہوا ۔ 27ویں رمضان کو پاکستان بنا تھا ،اس بابر کت دن وہ ملک بنا تھا جس کا نعرہ تھا پاکستان کا مطلب کیا لا الہ اللہ تھا، 27ویں رمضان کو ہم نے شب دعا کا اعلان کیا ہے ،ہم سب مولانا طارق جمیل کے ساتھ دعا کریں گے ،سارے پاکستان میں میں اپنی تنظیموں کو کہا ہے کہ وہ ٹیلی وژن سکرینوں پر رات 10بجے اس دعا میں شریک ہوں اورسب ملک کی حقیقی آزادی کے لئے دعا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب لیڈرز ہیں جو لیڈر ہوتا ہے وہ اپنے عوام کے اندر شعور بیدار کرتا ہے ،آپ نے لوگوں کے پاس میرا پیغام لے کر جانا ہے ، گلیوں محلوں میں آپ نے لوگوں سے تبلیغ کرنی ہے ،عوام کو پیغام دیں لا الہ اللہ کا مطلب ہے کہ اللہ کے سوا انسان کسی کے سامنے نہیں جھکتا،یہ کلمہ انسان کو خوف سے آزاد کرتا ہے ، انسان اقبال کا شاہین بن جاتا ہے ، جو غلام ہوتے ہیں وہ زمین پر رینگتے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں