ارسا صوبہ سندھ کو پانی سے محروم کررہا ہے، جام خان شورو

حیدرآباد، صوبائی وزیر برائے محکمہ آبپاشی جام خان شورو نے کہا ہے کہ ارسا حکام کی جانب سے 1991 کے پانی معاہدے پر عملدرآمد نہ کروانے کے باعث سندھ میں شدید پانی بحران کا خدشہ ہے، ارسا سسٹم میں پانی کی کمی کو جواز بنا کر صوبہ سندھ کو اپنے مقرر کردہ پانی کے حصے سے محروم کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبہ سندھ کو 42 فیصد تک شدید پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ جاری بیان میں صوبائی وزیر آبپاشی کا کہنا ہے کہ اپریل 2021 میں صوبہ سندھ کو پانی معاہدے 1991 کے تحت 22 فیصد کم پانی فراہم کیا گیا، پانی کی شدید قلت کی وجہ سے صوبے میں ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے جبکہ کراچی اور صوبہ سندھ کے دیگر شہروں میں پینے کے پانی کی فراہمی کا بحران پیدا ہوسکتا ہے، جام خان شورو کا مزید کہنا تھا کہ ارسا حکام کو 1991 کے پانی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، 1991 کے آبی معاہدے کے تحت سندھ صوبے کو حصے کا پانی فوری فراہم کیا جائے تاکہ بحران پر قابو پایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں