جزیرہ سینا میں پرتشدد حملے قابل مذمت ہیں، عرب ممالک

قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) متعدد عرب ممالک نے مصر میں نہر سویز (سینا کے مغرب) میں واٹر لفٹنگ پوائنٹ کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک افسراور10 سپاہی جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔سعودی عرب نے مصر میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں مغربی سیناء میں واٹر پمپنگ سٹیشنوں میں سے ایک کو نشانہ بنایا گیا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ”ایس پی اے“ کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ہر اس چیز جس سے مصر کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہے مملکت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔بیان میں دہشت گردی اور تخریب کاری سے نمنٹے کے لیے مصری مسلح افواج کے کردار کی ستائش کی گئی ہے۔وزارت خارجہ نے متاثر ہونے والے خاندانوں، مصر کی حکومت اور عوام سے افسوس اور زخمیوں کی جلد شفا یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔الجزائر نے اس حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مصری حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق الجزائر نے مصری حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مصری حکام کی کوششوں کے لیے اپنی مکمل حمایت پر زور دیا۔متحدہ عرب امارات نے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور اسے دشمن کی بزدلانہ کوشش قرار دیا۔ امارات نے کہا کہ مصر میں پیش آنے والا دہشت گردی کا واقعہ ناقابل قبول اور قابل مذمت ہے۔ اس طرح کے واقعات سے مصر کے امن واستحکام کو کم زور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں امارات کی حکومت مصر کیساتھ کھڑی ہے۔مصرمیں جزیرہ نما سینا میں فوج پر ہونے والے حملے پر بحرین، کویت، قطر، اردن اور فلسطینی اتھارٹی نے بھی شدید مذمت کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر کی مکمل حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔