گھوٹکی پولیس کا آپریشن بے سود ثابت، مغوی کسان تاحال بازیاب نہ ہوسکا

گھوٹکی (انتخاب نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات پر شروع کیا جانے والا گھوٹکی کے کچے میں پولیس کا آپریشن تاحال بے سود ثابت، 24گھنٹے سے زائد وقت گزر نے کے باوجود پولیس مغوی عثمان کولاچی کو بازیاب نہ کراسکی، مغوی اب تک ڈاکوئوں کے شکنجے میں ہے، واضح رہے کہ پولیس نے 24گھنٹوں کے اندر مغوی کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا تھا جو پورا نہ ہوسکا تاہم پولیس کی بھاری نفری بکتر بند گاڑیوں سمیت علاقے میں موجود ہے جن کی نگرانی ایس ایس پی گھوٹکی کر رہے ہیں، پولیس ترجمان کے مطابق مزیدپکٹیں قائم کر کے ڈاکوئوں کی کمین گاہوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے اور مغوی کی بازیابی تک پولیس آپریشن جاری رہے گا۔دریں اثناء گھوٹکی میں بڑھتی بدامنی کے خلاف جسقم کے کارکنوں اور تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس گھوٹکی، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو، اوباڑو ودیگر علاقوں میں قتل، رہزنی، اغواء برائے تاوان کی وارداتیں روکنے میں ناکام ہوچکی ہے جس کے باعث عوام اور تاجر شدید خوفزدہ ہیں، انھوں نے وزیراعلیٰ سے ضلع بھر میں امن وامان کی فضا قائم کرنے کےلیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں