چوروں اور ڈاکوﺅں کا رونا رونے والے وزیراعظم کی رہائش مافیاز کی ”پناہ گاہ“ بنی ہوئی ہے سراج الحق

جعفرآباد امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ چوروں اور ڈاکوﺅں کا رونا رونے والے وزیراعظم کی رہائش مافیاز کی ”پناہ گاہ“ بنی ہوئی ہے۔ فوج کی حمایت پر خوش گمانی کا شکار وزیراعظم عوامی حمایت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ایف بی آر میں بیٹھے ہوئے آئی ایم ایف کے نمائندے پاکستانی عوام پر مہنگائی کا ٹوکہ چلا کر ملک سے بھاگ گئے ۔ نیب کہتاہے کہ اگر ہم نے حکومتی نمائندوں پر ہاتھ ڈالا تو حکومت پندرہ دن بھی نہیںچل سکے گی ، جس پر حکومت روتی ہے ۔ احتساب صرف ان لوگوں کا ہو رہاہے جو حکومت کے خلاف ہیں ۔ سرکارکا چور زمانے کا ولی ، جو چور حکومت کے ساتھ نہیں وہ جیل میں ہے ۔ طیب اردگان کی موجودگی میں بھی وزیراعظم نے قومی یکجہتی کی بات نہیں کی ۔ جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو ہم سب سے پہلے گیس کی رائیلٹی بلوچستان کو دیں گے ۔ المیہ ہے کہ بلوچستان کے حکمرانوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ جعفر آباد ، نصیر آباد ، ڈیرہ الہ یار زرعی علاقہ ہے مگر یہاں کے عوام کو پانی نہیں مل رہا ۔ علاقے میں کوئی زرعی یونیورسٹی اور آبی ذخیرہ نہیں بنایا گیا ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ بار جعفر آباد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کسی جرنیل نے نہیں ، ایک وکیل نے بنایا جن کا نام محمد علی جناح ؒ تھا ۔جس وکیل نے مسلمانان ہند کی قیادت کی وہ قانون کی بالادستی اور اصولوں کی حکمرانی چاہتے تھے ۔ پاکستان اس وقت تاریخ کے خطرناک موڑ پر کھڑ ا اور چاروں طرف سے خطرات میں گھرا ہواہے ۔ یہ خطرات باہر سے نہیں بلکہ اندر سے ہیں اور ان لوگوں سے ہیں جو آپ کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں