یوکرین کے سیکڑوں جنگجوﺅں نے ہتھیارڈال دئیے، 51 زخمی

کیف (مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کے ساحلی شہر ماریوپول میں سیکڑوں جنگجوﺅں نے ہتھیار ڈال دئیے۔وہ ماریوپول کے ازوفستل اسٹیل پلانٹ کے بنکروں اور سرنگوں میں چھپے ہوئے تھے۔ان کے ہتھیار ڈالنے کے بعد روسی فوج نے اس اسٹیل پلانٹ کا محاصرہ ختم کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق روسی افواج نے روس اور کریمیا کے درمیان بحیرہ ازوف کے کنارے واقع بڑے شہر ماریوپول پرگذشتہ کئی ہفتے تک توپ خانے سے شدید گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں شہر کے بیشتر حصے کھنڈرات کا منظرپیش کررہے ہیں۔عام شہریوں اور سیکڑوں یوکرینی جنگجوﺅں نے، جن میں سے زیادہ ترازوف رجمنٹ سے تعلق رکھتے تھے، ازفستل پلانٹ میں پناہ لے رکھی تھی۔ یہ سوویت دور کا ایک وسیع پلانٹ ہے ورسوویت رہ نما جوزف اسٹالن کے دورمیں بنایاگیا تھا۔ یہ پلانٹ جوہری ہتھیاروں کے حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے بنکروں اور سرنگوں کی بھول بھلیوں کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا تھا۔روس کی وزارت دفاع نے کہا کہ یوکرین کے265 جنگجوں نے ہتھیارڈال دیے ہیں۔ان میں سے 51 شدید زخمی ہوئے اور ان کا علاج روس کے حمایت یافتہ یوکرین سے الگ ہونے والے خطے دونتیسک کے علاقے نووازفسک میں کیا جائے گا۔برطانوی خبررساں ایجنسی نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا کہ ہتھیار ڈالنے والے یوکرینی جنگجوں کو سات بسوں پرروس نواز مسلح افواج کی حفاظت میں ازوفستل اسٹیل پلانٹ سے روانہ کیا گیا ہے۔اس عینی شاہد نے بتایا کہ یوکرینی جنگجوں میں سے کوئی زخمی نظر نہیں آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں