سپریم کورٹ ہمیں تحفظ دیتی ہے تو ہماری حکمت عملی الگ ہوگی، عمران خان

پشاور (انتخاب نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے تحفظ کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن احتجاج کے تحفظ کیلئے سپریم کورٹ رولنگ دے، ورنہ اس بار ہم تیاری کے ساتھ جائیں گے۔ پشاور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ کل سپریم کورٹ میں ہمارا کیس لگے گا، سپریم کورٹ سے رولنگ لے رہے ہیں کہ پر امن احتجاج کا حق ہے کہ نہیں، کس بنیاد پر انہوں نے ہمیں روکا تھا، سپریم کورٹ کو کہہ رہا ہوں کہ آپ ہمیں رولنگ دیں، ہمیں بتائیں کہ کس بنیاد پر ہمیں روکا گیا اور انتشار پھیلا یا گیا، میں نے لوگوں کو احتجاج کے لیے تاریخ دینی ہے، آئندہ جب ہم آئیں گے تو ہمیں بتائیں کہ کیا سپریم کورٹ اس طرح کے غیر جمہوری عمل کی اجازت دے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر سپریم کورٹ ہمیں تحفظ دیتی ہے تو ہماری حکمت عملی الگ ہوگی اور اگر ہمیں تحفظ نہیں ملتا تو میں سب کے سامنے کہہ رہا ہوں کہ پھر ہماری دوسری حکمت عملی ہوگی اور اس بار تو ہماری تیاری نہیں تھی لیکن اب ہم تیاری کے ساتھ جائیں گے، یہ میرے لیے جہاد ہے، امپورٹڈ حکومت کو ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ڈی چوک پراس لیے دھرنا نہیں دیاکہ لوگو ں کوغصہ تھا، مجھے خوف تھا کہ یہ معاملہ انتشار کی طرف جائےگا، پنجاب پولیس سے جو انہوں نے کرایا اس سے پولیس کیخلاف نفرت بڑھے گی، میں تقسیم اور انتشار نہیں چاہتا تھا اس لیے فیصلہ کیا کہ اس سے آگے گیا تو ملک میں تباہی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں