فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا پاکستان پہنچنے پر لاہور میں بھرپور استقبال

لاہور (انتخاب نیوز) اس سال قطر میں ہونیوالے فٹبال ورلڈکپ سے قبل اس کی چمچماتی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی۔ فرانس کے سابق ورلڈ چیمپئن فٹبالر کرسٹین کریمبیو خصوصی طیارے میں ٹرافی کو ازبکستان سے پاکستان لائے جہاں ٹرافی ایک روز قیام کرے گی۔ فٹبال ورلڈکپ کی ٹرافی لاہور پہنچی تو پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان ہاجرہ خان نے اس کا استقبال کیا جب کہ اس موقع پر اسپانسر اور ٹرافی ٹوور کے منتظمین بھی موجود تھے۔ ٹرافی ایک دن پاکستان میں رہے گی اور اس دوران ایک ایونٹ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہوگا جب کہ ایک پبلک ایونٹ ہوگا جس میں کانسرٹ کے دوران ٹرافی نمائش کیلئے رکھی جائے گی۔ اس موقع پر جیو نیوز سے گفتگو میں فرانس کے سابق ورلڈکپ ونر کرسٹین کریمبیو نے کہا کہ وہ 2018 کے ٹرافی ٹوور کے موقع پر بھی پاکستان آئے تھے اور اس کے بعد ان کی خواہش تھی کہ وہ ایک بار پھر پاکستان آئیں۔ اس موقع پر پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان ہاجرہ خان نے کہا کہ ایک بار پھر ٹرافی ٹوور کا حصہ بن کر وہ کافی خوش ہیں، جب ٹرافی کے استقبال کے موقع پر اپنا عکس اس ٹرافی پر دیکھا تو جذبات یہی تھے کہ جلد پاکستان کے معاملات بھی بہتر ہوں اور ہم انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیں۔ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی ایک دن پاکستان میں رکنے کے بعد رات گئے سعودی عرب روانہ ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں