پنجگور، ٹیچنگ اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی دور اور سہولیات دی جائیں، پیما

پنجگور (نمائندہ خصوصی) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن پنجگور نے ٹیچنگ اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی اور سہولتوں کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجگور کے صدر ڈاکٹر ایوب مراد بلوچ، پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن پنجگور کے صدر محمد اعظم بلوچ نے پی ایم اے کے ڈاکٹر حمزہ بلوچ، پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے رہنما جاوید کچکول بلوچ، سیدی بلوچ، حفیظ نوشیروانی، شکیل احمد بلوچ نے دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچنگ اسپتال پنجگور میں ڈاکٹروں کی کمی اور ادویات سمیت دیگر سہولتوں کی فقدان کے باعث ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل کو شدید مشکلات کا سامنا ہے آئے روز واقعات کے دوران شعبہ حادثات میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی سے پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر اسٹاف کو زدکوب اور گالی گلوچ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال پنجگور کو صرف کاغذوں کی حدتک ٹیچنگ ہسپتال کا تو درجہ دے دیا گیا ہے لیکن ٹیچنگ ہسپتال نہ میں ڈاکٹرز نہ پیرا میڈیکل اسٹاف کا اضافہ اور نہ ہی ادویات اور سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، ہر کوئی اسپتال میں آکر ہمیں ٹیچنگ ہسپتال کا طعنہ دیکر گالی سے نواز کر واپس چلا جاتا ہے حالانکہ ٹیچنگ ہسپتال پنجگور اپنے محدود وسائل، ڈاکٹروں کی کمی کے باوجود عوامی خدمت میں سرشار، دکھی انسانیت کی خدمت کررہا ہے لیکن سہولتوں کے فقدان کے باعث ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل کو عوام کے غیر مناسب رویہ سے انتہائی دکھ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، عوام کے رویہ سے نالاں ڈاکٹروں نے پنجگور آنے اور ڈیوٹی دینے سے بھی معذرت کی ہے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے پنجگور میں سیاسی جماعتوں کے رویے پر بھی افسوس کیا، سیاسی جماعتیں دیگر مسائل پر سخت احتجاج، جلسہ، جلوس اور ریلی نکال سکتی ہیں لیکن کسی سیاسی جماعت نے آج تک ٹیچنگ ہسپتال میں سہولتوں کے فقدان اور ڈاکٹروں کی کمی کے بارے میں کبھی احتجاج نہیں کیا۔ ٹیچنگ ہسپتال کو صرف ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل کے کندھوں پر ڈال کر صرف ڈاکٹروں کو برا بھلا کہنے تک خود کو محدود کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال پنجگور میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی اور ادویات کے فقدان کے باعث ہسپتال میں موجود ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، روزانہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف عوام کے غیر مناسب رویے کی وجہ سے تذلیل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال پنجگور میں 17 ڈاکٹرز میں سے 15 ڈاکٹرز موجود نہیں، صرف 2 ڈاکٹرز ڈیوٹی کررہے ہیں، ہسپتال میں جو ڈاکٹرز ڈیوٹی پر موجود ہیں انکی حوصلہ افزائی کے بجائے انہیں روز گالی سے نوازا جاتا ہے جو انتہائی غیر مناسب رویہ ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ فوری طور ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو دور کرکے ادویات سمیت سہولتیں فراہم کی جائیں بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں