منگھوپیر میں ڈاکوئوں نے سرکاری ملازم اور اسکے دوست کو لوٹ لیا
کراچی ( ا نتخاب نیوز) منگھوپیر میں ڈاکو بے لگام ہوگئے، عوام کو تو لوٹتے ہی تھے سرکاری ملازم بھی محفوظ نہ رہے۔ اجتماع گاہ کے گیٹ 9 کے قریب بیٹھے سرکاری ملازم اور ان کے دوست سے کم عمر ڈاکوئوں نے رقم اور موبائل فون چھین لئے۔ منگھوپیر تھانہ میں شاکر علی ولد یاور علی خان نے مقدمہ 552/2022درج کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ اورنگی ٹائون کا رہائشی اور سرکاری ملازم ہے،مقدمہ مدعی کے مطابق وہ اپنے دوست قاضی راشد کے ہمراہ اجتماع گاہ روڈ پر گیٹ نمبر 9 کے قریب بیٹھا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 20/22سال کے دو لڑکے جو شکل وصورت سے پٹھان معلوم ہوتے تھے آئے اور اسلحہ کے زور پر ان سے دو موبائل فون، مجموعی طور پر 13ہزار روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ منگھوپیر، اورنگی ٹائون ، پیرآباد کے علاقوں منگھوپیر روڈ، قصبہ کالونی، اورنگی ٹائون میٹرو سینما کے اطراف اور ماربل ایریا میں سورج غروب ہونے کے بعد ڈکیت گروپ وارداتیں شروع کردیتے ہیں اور آئے روز عوام کالٹنا معمول بن چکا ہےاس کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی ٹھوس حکمت عملی اختیار نہیں کی جارہی۔ گذشتہ روز بھی منگھوپیر کے علاقے سے لاکھوں روپے مالیت کے آہنی راڈوں سے لوڈ ٹرک چھین لیا گیا تھا جسے بعدازں غنی چورنگی کے قریب 15مددگار پولیس نے برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ یاد رہے کہ گذشتہ دنوں اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود میں ڈکیتی کی وارداتوں سے تنگ آکر عوام نے تین ڈاکوئوں کو پکڑ کر اپنی عدالت لگاتے ہوئے انہیں قتل کردیا تھا۔


