بلوچستان، حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 9 افراد جاں بحق، 21 زخمی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 9 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پراونشل ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں پری مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مجموعی طور پر نو افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے جبکہ چار لاپتہ ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے حکام کے مطابق ضلع ہرنائی کے علاقے اسپین تنگی میں سیلابی ریلا دو خواتین اور ایک بچی سمیت تین افراد کو بہا کر لے گیا تھا، جن میں سے بچی کی لاش مل گئی جبکہ دو خواتین لاپتہ ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ہرنائی میں بارشوں سے چار مکانات اور سنجاوی ہرنائی شاہراہ کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ دو پل اور ایک کلومیٹر ریلوے ٹریک بھی کچھ متاثر ہوا ہے جبکہ بارشوں نے فصلوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے اعداد وشمار کے مطابق 20 جون سے ہونے والی بارشوں اور سیلاب کے باعث مجموعی طور پر اب تک صوبے کے مختلف علاقوں میں نو افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے حکام نے مزید بتایا کہ ڈیرہ بگٹی میں ایک مکان مکمل تباہ جبکہ بارکھان، د±کی ہرنائی میں 12 کو جزوی نقصان پہنچا ہے، اسی طرح 366 مال مویشی ہلاک ہوئے ہیں اور 329 سولر پلیٹس کو نقصان پہنچا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں