سندھ بھر میں تمام ایمرجنسی ادارے 1122 کے ذریعے آپریٹ ہونگے، چیف سیکریٹری

کراچی (انتخاب نیوز) چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا ہے کہ آج سے لاڑکانہ میں ریسکیو 1122 سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جلد صوبے کے تمام شہروں میں ریسکیو 1122 سروس شروع کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے ریسکیو 1122 سروسز کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو ، سیکریٹری صحت ذوالفقار شاہ، سیکریٹری خزانہ ساجد جمال ابڑو، شازینہ مسعود، سی ای او سندھ اینٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ آج سے لاڑکانہ میں ریسکیو 1122 کا آغاز کیا جا رہا ہے، پورے صوبے میں ریسکیو 1122 سروسز چلائی جائے گی اور ایمرجنسی کے تمام ادارے ریسکیو 1122 کے ذریعے آپریٹ کریں گے تا کہ عوام کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1122 سروس پر ہی رابطہ کر نا پڑے۔ انہوںنے مزید کہا کہ ٹھٹہ اور سجاول میں بھی 5 روز میں ریسکیو 1122 سروس شروع کی جائے گی اور جلد 315 ایمبولینس ریسکیو 1122 میں شامل کی جائیں گی۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کے فائیر بریگیڈ بھی آج سے ریسکیو 1122 کے زریعے آپریٹ کی جائیں گی اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1122 سے رجوع کر کے ایمبولینس کے ساتھ فائر بریگیڈ بھی آپریشن کے لئے آجائے گی۔ انہونے مزید کہا کہ جلد پولیس 15 بھی ریسکیو 1122 کے ذریعے آپریٹ ہوگا، انہوںنے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کے عملے کی ٹریننگ کے لئے کراچی میں ریسکیو اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اجلاس میں ریسکیو سروسز کے آپریشن کے متعلق فنڈز کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 10 جولائی تک مزید 70 ایمبولینسیں ریسکیو 1122 کے حوالے کی جائیں گی اور ٹوٹل 315 ایمبولینسیں ریسکیو سروس کو پورے صوبے کے لئے فراہم کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں