موزوں امیدوار نہ ہونے کے باعث ووٹرز نے ووٹ نہیں ڈالا، ن لیگی رہنما
لاہور(انتخاب نیوز) پنجاب کے ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس۔ اجلاس میں ضمنی انتخابات میں شکست پر پارٹی رہنماو¿ں نے اپنی رپورٹ پیش کی،رپورٹ رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق نے پیش کی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مسلم لیگ ن نے جن امیدواروں کو ٹکٹ دیا وہی شکست کا باعث بنے، موزوں امیدوار نہ ہونے کے باعث ن لیگی ووٹرز نے ووٹ نہیں ڈالا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ کے رہنما اپنے ووٹرز کو پولنگ کے دن گھروں سے بھی نہیں نکال سکے۔ پارٹی امیدواروں کے ضمنی الیکشن نہ جیتنے کی ایک وجہ مہنگائی بھی تھی۔ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوئے جن میں سے 15 پر تحریک انصاف، 4 پر ن لیگ اور ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ یہ 20 نشستیں پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے پر خالی ہوئی تھیں۔ ان 15 نشستوں کے حصول کے بعد 22 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعت ق لیگ کو ن لیگی اتحاد پر برتری حاصل ہوگئی ہے۔


