بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں اہم ترامیم کی منظوری، کوئٹہ کی ڈسٹرکٹ کونسل ختم
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ نے ، بلوچستان کے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں اہم ترامیم کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت ضلع کوئٹہ کے ڈسٹرکٹ کونسل کو ختم کردیا گیا ہے پورا ضلع میٹروپولیٹن میں شامل ہوگا۔ بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین قادر نائل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین ملک نصیر شاہوانی، حاجی زابد ریکی، میر سلیم کھوسہ، سردار مسعود لونی،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان دوستین جمالدینی محکمہ کے دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ بطورآبزرور قائمہ کمیٹی اجلاس میں شریک ہوئے اجلاس میں لوکل گورنمنٹ کا (ترمیمی) مسودہ قانون م مصدرہ 2022 مسودہ قانون نمبر 17صدر 2022 کا تفصیلی جائزہ اور قانون پر غور کیا گیا۔ جس کے بعد کمیٹی نے لوکل گورنمٹ ایکٹ 2010میں اہم ترامیم کی منظوری دیدی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ کے چیئرمین قادر نا ائل نے قانون میں اہم ترامیم کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کے تحت ضلع کوئٹہ کے تمام دیہی علاقے ختم کرکے پورے ضلع کو میٹروپولیٹن میں شامل کردیا گیا۔ کوئٹہ چارزونز یعنی میونسپل کمیٹیز میں تقسیم ہوگا ہر میونسپل کمیٹی کا منتخب چیئرمین میٹروپولیٹن کا بھی ممبر ہوگا۔قانون میں ترمیم کرکے لوکل گورنمنٹ فنانشل کمیشن بنانے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ قائمہ کمیٹی سے منظوری کرکے بعد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010کا ترمیمی مسودہ بلوچستان اسمبلی کے آئندہ ماہ شروع ہونے والے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اسمبلی سے منظوری کے بعد گورنر بلوچستان کے دستخط کے بعد قانون نافذ ہوجائے گا۔یاد رہے کہ ضلع کوئٹہ میں شہری اور دیہی علاقوں کے باعث حالیہ حلقہ بندیاں تنازعے کا شکار ہیں۔ حلقہ بندیوں کو بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے عدالتی حکم پر کوئٹہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کردہ بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل ہے۔


