زیارت روڈ تھل اسماعیل کے مقام پر بہہ گیا، ایک ہفتے سے ٹریفک معطل
دکی (انتخاب نیوز) ناناصاحب زیارت روڈ تھل اسماعیل شہر کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہہ چکا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے سے روڈ ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ خانواہ ندی کا بند ٹوٹنے کے باعث سیلابی ریلا روڈ کو بہا لے جانے کے بعد گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانواہ ندی کا بند تقریبا ایک ماہ قبل ٹوٹ چکا ہے۔ لیکن تا حال بند کو بنایا نہیں گیا۔ البتہ ڈپٹی کمشنر دکی نے عارضی طور اس روڈ کو ٹریفک کیلئے بحال کروا دیا تھا۔ لیکن دوبارہ سیلابی ریلا روڈ کو بہا کر لے گیا۔ علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر دکی اور پی ڈی ایم اے حکام سے اپیل کی ہے کہ خانواہ بند کو دوبارہ بنایا جائے تاکہ سیلابی ریلے کا پانی آبادی کیطرف نہ بڑھے اور مزید نقصانات نہ ہوں۔ اور یہ پانی خانواہ ندی کے زریعے اگے جاکر لوگوں کو فصلات کیلئے زمینیں تیار کرنے کے کام آئے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں ڈیم نہ ہونے کیوجہ سے یہ پانی ضائع ہوجاتا ہے اور اب تو فصلات کیلئے زمینیں تیار کرنے کے کام بھی نہیں ارہا اور الٹا نقصانات اور تباہی پھیلانے کا سبب بن رہا ہے۔ لہذا اعلی حکام بند کی مرمت کرکے عوام کو مشکلات سے بچائے۔


