آل سندھ پیپلز پیرا میڈیکل اسٹاف کا ایم ایس سول اسپتال کو قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کیلئے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم
کراچی (انتخاب نیوز) آل سندھ پیپلز پیرا میڈیکل اسٹاف کراچی ڈویژن کے صدر نیاز احمد خاصخیلی کی زیر قیادت سول اسپتال میں ایم ایس آفس کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر سلیمان میمن، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری آصف بلوچ، انفارمیشن سیکریٹری محمد اقبال چنہ، ضلع غربی کے صدر غلام علی میرانی، سول اسپتال یونٹ کے صدر سید منیر شاہ، ضلع وسطی کے صدر ناصر خان نے کہا کہ بھتہ خور مافیا نے سرکاری کوارٹرز میں سرکاری واش روم پر قبضہ کرنے کے علاوہ سرکاری پراپرٹی میں غیرقانونی ہوٹل، گودام اور مکان بنا کر پرائیوٹ لوگوں کو کرائے پر دے رکھے ہیں اور کرائے کے نام پر لاکھوں روپے بھتہ وصول کیا جارہا ہے، انھوں نے کہا کہ مذکورہ شرپسند عناصر سول اسپتال انتظامیہ اور ٹھیکیداروں کو بلیک میل کرکے ان سے بھتہ وصول کرنے کے ساتھ ذاتی مفادات حاصل کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم سول اسپتال انتظامیہ کے ساتھ ہیں اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ قبضہ مافیا سے سرکاری پراپرٹی کو خالی کرایا جائے بصورت دیگر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے، مظاہرے میں ضلع وسطی کے سابق صدر غلام مصطفیٰ قریشی، ضلع ملیر کے صدر نذیر حسین قادری، محمد عباس مہر، احسان کلہوڑو، اسداللہ بھٹی، آفتاب قمبرانی، رفیق بلوچ، الطاف لاشاری، فرحان چھیپا، شفیع بلوچ، ملک اکرم، خالد بلوچ و دیگر نے شرکت کی اور قبضہ مافیا کی جانب سے ڈویژن صدر پر لگائے گئے الزامات کی بھرپور مذمت کی۔


