وندر ندی میں سیلابی ریلوں سے متعدد گوٹھ زیر آب، پانی گھروں میں داخل
لسبیلہ (انتخاب نیوز) وندر ندی نے ایک مرتبہ پھر تباہی مچادی، سیلابی ریلے سے متعدد گوٹھ زیر آب آگئے۔ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب لسبیلہ کے پہاڑی علاقے کنراج میں موسلا دھار بارشوں کے بعد وندر ندی میں آنے والے اونچے درجے کے سیلابی ریلے کو ندی پر قبضے کی وجہ سے راستہ نہ ملنے پر سیلابی ریلا ندی سے متصل سانول انگاریہ گوٹھ، حسن آباد گنگا محلہ سمیت متعدد گوٹھوں میں داخل ہوگیا جس سے مکینوں کو کافی نقصان ہوا ہے۔ وندر میں سیلابی ریلے سے متعدد گوٹھ زیر آب آگئے جس کے نتیجے میں گھروں میں پانی داخل وزیراعلیٰ کے احکامات کے باوجود لسبیلہ کی ضلعی انتظامیہ وندر ندی پر قبضہ ختم کرنے میں ناکام مزید بارشوں سے وندر شہر کو بھی خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ مکینوں کے مطابق وندر ندی پر قبضے کی وجہ سے پانی کو راستہ نہیں ملتا اور ہربار پانی ہمارے گھروں میں داخل ہوتا ہے۔ واضح رہے وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے اپنے دورہ حب کے موقع پر سابق ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کو وندر ندی پر قبضہ ختم کرنے کا حکم دیا تھا لیکن تاحال وزیراعلیٰ کے حکم پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔ وندر کے شہریوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر وندر ندی پر قبضہ جلد ختم کرکے ندی کی صفائی نہ کروائی گئی تو مزید بارشوں سے وندر شہر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔


