بارہ مئی کے شہداء نے جس مقصد کے لئے اپنی قیمتیں جانیں قربان کیں وہ اب تک پورا نہیں ہوا، عوا می نیشنل پارٹی


کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں سانحہ بارہ مئی کے شہداء کو ان کی تیرہویں برسی کے موقع پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات پر تشویش کااظہار کیا گیا ہے کہ بارہ مئی کے شہداء نے جس مقصد کے لئے اپنی قیمتیں جانیں قربان کیں وہ اب تک پورا نہیں ہوا، 12مئی2007ء کو روشنیوں کے شہر کراچی کی سڑکیں بے گناہ پشتونوں اور دیگر زبانیں بولنے والے سیاسی کارکنوں کے خون سے رنگین کی گئیں ان سیاسی کارکنوں کا قصور صر ف اتنا تھا کہ انہوں نے طاقت کے نشے میں بدمست آمر کے آئین دشمن اقدامات کے خلاف سڑکوں پر نکل کر آزادو خود مختار عدلیہ، پارلیمنٹ اور میڈیا کی مضبوطی کے لئے آواز اٹھائیں افسوس کہ آج تک بارہ مئی کے شہداء کو انصاف نہیں مل سکا۔ شہداء نے اپنے خون کا نذرانہ دے کر عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کے استحکام کو یقینی بنایا لیکن افسوس کا مقام ہے کہ نہ تو عدلیہ نے سانحہ بارہ مئی کے شہداء کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا اور نہ ہی انتظامیہ اور مقننہ نے شہداء کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امسال ہم سانحہ بارہ مئی کے شہداء کی برسی ایسے حالات میں منارہے ہیں جب ایک طرف پوری دنیا میں کورونا وائرس نے تباہی مچائی ہے دوسری طرف ملک پر ایسے لوگوں کو لا کر مسلط کیا گیا ہے جن کا عوام اور عوامی حقوق سے دور دور کا بھی واسطہ نہیں سلیکٹڈ مرکزی حکومت نے حقیقی جمہوری قوتوں اور عوا م دوست سیاسی قیادت کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی آج ملک میں برائے نام جمہوریت ہے میڈیاکو پابند کیا گیا ہے اور پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں کیا جارہا حتیٰ کہ اس عوام دشمن حکومت نے تو اٹھارہویں ترمیم کوبھی رول بیک کرنے کی دھمکی دی ہے جس کے لئے عوامی نیشنل پارٹی سمیت ملک کی تمام جمہوری سیاسی قوتوں نے قربانیاں دیں اور تاریخی جدوجہد کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ روشنیوں کے شہر کراچی کو روشنی محنت کش مزدوروں اور باشعور سیاسی کارکنوں نے بخشی ہے لیکن 2007ء میں اس وقت کے حکمران نے اپنی ذاتی اناء کی تسکین کے لئے عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے نکلنے والے بے گناہ سیاسی کارکنوں کا قتل عام کرنے کے بعد رات کو ٹی وی پر مکا لہرا کر شہداء کے خاندانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کی کوشش کی طاقت کے نشے میں بدمست حکمرانوں کا کوئی مستقبل نہیں ہوا کرتا قوموں کی تاریخ میں حق اور سچ کا ساتھ دینے والے ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج سانحہ بارہ مئی کے شہداء کی یاد تو پوری دنیا میں منائی جاتی ہے لیکن اس وقت کے حکمرانوں کا آج کوئی نام بھی لینا گوارا نہیں کرتا۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ 12مئی کے مرتکب عناصر کو بے نقاب کرنے اور شہداء کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے اعلیٰ عدلیہ اور موجودہ حکومت اقدامات اٹھائے کیونکہ اس سانحہ میں شہید ہونے والے افرادکے اہلخانہ آج 13سال گزرنے کے بعد بھی انصاف سے محروم ہیں انہیں انصاف فراہم کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں کی داد رسی کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی بے گناہ سیاسی کارکنوں کے قتل عام کی جرات نہ ہوسکے۔