ریاست میں پشتونوں کو برابری کے حقوق نہیں، ہرنائی واقعے کی تحقیقات کرائی جائے، پی ایس ایف

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے رکن خالقداد بابر کی موت انتہائی دردناک ہے۔سیکورٹی فورسز کی جانب سے پرامن شہریوں پر فائرنگ انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ ہرنائی میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی مایوس کن ہے 75 سال بعد بھی پشتونوں کے ساتھ ظالمانہ رویہ اختیار کیا جارہا ہے، جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست کے اندر پشتونوں کو برابر نہیں بلکہ محکوم رکھا جارہا ہے۔ 14 اگست کے دن جہاں ایک طرف سارا ملک موج مستیوں میں مگن تھا تو دوسری طرف پشتون قوم رنج، دکھ درد میں مبتلا تھی۔ ریاست پاکستان میں بنیادی و انسانی حقوق محفوظ نہیں۔ سیکورٹی اہلکاروں نے ریاست کے اندر ریاست بنا رکھی ہے اور آئین پاکستان کی پامالی کررہے ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل دیا جائے اور ملوث کرداروں کو انجام تک پہنچایا جائے۔ پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان نے عوامی نیشنل پارٹی کوئٹہ کی احتجاجی ریلی میں بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں