امریکہ کا چین پر کرونا ویکسین کی معلومات ہیک کرنے کا الزام
بیجنگ :امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی بیورو (ایف بی آئی) اور سائبر سیکیورٹی ماہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ چینی ہیکرز کرونا وائرس کی ویکسین سے متعلق کی جانے والی ریسرچ چرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔چین نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ ویکسین کی تیاری میں قائدانہ حیثیت رکھتا ہے۔امریکی حکام کے مطابق ہیکرز اس معلومات کو حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج اور متاثرہ مریضوں کے ٹیسٹ سے متعلق ہیں۔امریکہ کے دو معتبر اخبار وال اسٹریٹ جرنل اور نیو یارک ٹائمز کے مطابق امریکی حکومت اور نجی ادارے کرونا ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں۔ تاہم ایف بی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ ویکسین کی تیاری کے لیے ہونے والی ریسرچ چرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ ہیکرز کا تعلق چین کی حکومت سے ہے۔امریکہ کی جانب سے یہ الزامات ایسے موقع پر سامنے آ رہے ہیں جب گزشتہ ہفتے ہی امریکہ اور برطانیہ نے اپنے مشترکہ بیان میں خبردار کیا تھا کہ کرونا وائرس سے نبرد آزما صحت کے ماہرین کو ‘غیر ریاستی عناصر’ کی جانب سے سائبر حملوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔