ہرنائی خوست میں فائرنگ سے نوجوان کے قتل کیخلاف دھرنا 9ویں روز بھی جاری

ہرنائی (انتخاب نیوز) بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے خوست میں فورسز کی فائرنگ سے نوجوان سیاسی کارکن خالقداد بابر کے قتل اور دیگر کو زخمی کرنے کے واقعہ کیخلاف خوست میں نویں روز بھی احتجاجی دھرنا جاری رہا، ضلع کی بار ایسوسی ایشن نے دھرنے کی حمایت میں عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ جبکہ دھرنا کمیٹی کے فیصلے کے مطابق 23 اگست کو شام 5بجے سیاسی پارٹیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ ہوگا، 24 اگست کو خانوزئی کراس پر دھرنا دیا جائیگا۔ دھرنا کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مطالبات کے حل تک جمہوری احتجاج جاری رہے گا جس میں خالقداد بابر کو قتل اور دیگر کو زخمی کرنے کے واقعے میں ملوث افراد کیخلاف قتل اور اقدام قتل کے مقدمات درج کرنے، ضلع ہرنائی کے تمام عوامی مقامات سے سیکورٹی فورسز مورچے ہٹانے، ضلع ہرنائی میں امن وامان، بھتہ گیری اور دیگر صورتحال پر جوڈیشل کمیشن بنانے، ضلع میں سول انتظامیہ کو اختیارات منتقل کرکے ان کی رٹ اور اتھارٹی کو بحال کرنے اور خالقداد بابر کو حکومتی سطح پر شہید قرار دیکر ان کے لواحقین اور زخمیوں کو Compensation دینے کے آئینی و قانونی اور جمہوری مطالبات شامل ہیں۔ صوبے کے تمام جمہوری سیاسی پارٹیوں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اس برحق احتجاج میں بھرپور شرکت کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں