بلوچستان بھر میں بجلی اور گیس کی فراہمی معطل، بحالی میں وقت لگ سکتا ہے، حکام
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بجلی اور گیس کی فراہمی معطل رہی۔ بلوچستان میں جاری سیلاب کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع کو گیس فراہم کرنے والی دونوں پائپ لائنز کی جمعہ کو بھی مرمت مکمل نہیں ہوسکی، جسکی وجہ سے کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں گیس کی فراہمی معطل رہی، شہریوں کی جانب سے لکڑیوں اور گیس سلینڈوں کے ذرےعے متبادل ایندھن کا انتظام کیا گیا، سوئی گیس حکام کے مطابق سیلاب کی صورتحال کے باعث گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مزید وقت درکار ہے ۔دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بجلی کی فراہمی کا نظام بھی بری طرح متاثر رہا جسکی وجہ سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ۔ترجمان کیسکو کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کو وقفے وقفے سے بجلی فراہمی کی جارہی ہے تاہم سیلاب اور طوفانی بارشوں کے باعث متاثرہ ٹرانسمیشن لائنز کی مرمت کے کام کے لئے مزید وقت درکار ہے ۔صوبے میں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ۔


