بلوچستان بھر میں ایک ہفتے سے بجلی، پانی، گیس اور مواصلاتی نظام معطل، زندگی مفلوج

کوئٹہ، خاران، نوکنڈی، وندر، لسبیلہ، حب، اوتھل، خضدار، پنجگور، نوشکی، قلات (انتخاب نیوز، نامہ نگاران) بلوچستان بھر میں گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی، پانی، گیس اور مواصلاتی نظام نہ ہونے کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا، مختلف علاقوں میں راستے بند ہونے کے باعث اشیاءخورونوش کی شدید قلت، مریض مشکلات کا شکار۔ گزشتہ ایک ہفتے سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا، بجلی، پانی، مواصلاتی نظام نہ ہونے سے معمولات زندگی شدید متاثر، لوگوں کے زندگی اجیرن بن گئی، حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح خاران بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اشیائے خورونوش کی چیزیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، لیکن انتظامیہ بے بس نظر آرہی ہے، بجلی نہ ہونے کے باعث پینے کے پانی قلت ہوگئی، ٹینکرز مافیا منہ مانگی قیمت وصول کررہی ہے، اسی طرح موبائل نیٹ ورک بھی نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ خاران سے آنے اور جانے والی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، بجلی اور صاف پانی کی عدم فراہمی سے مریضوں کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے لگتا ہے حکومت بے حس ہوگئی ہے، متبادل سہولیات نہ ہونے سے لوگوں کے زندگی گزارنے میں پریشانی اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہی ہیں۔ دوسری جانب اشیا خورونوش کی کمی کی وجہ سے دکانداروں اور سبزی فروشوں گوشت فروشوں نے اپنے من مانی شروع کی ہیں، انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کا نام ونشان تک نہیں ہیں سرکاری دفاتر میں بجلی اور فون نیٹ ورک نہ ہونے سے سرکاری کام بھی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہیں اس کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو خبروں کے ترسیل میں مشکلات پیش ارہی ہیں اس کے علاوہ بارشوں کے بعد شہر میں مچھروں کی افزائش میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہیں جس سے مختلف امراض پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگئی ہیں اس کے علاوہ زمینداروں کے کروڑوں روپے کے کھڑی زرعی فصلات بندات اور ٹیوب ویل کو کافی نقصان ہوا ہے اسی طرح خاران کے گردونواح کے مختلف کلیوں میں سیلابی پانی کے زیر آب آنے سے ان کے مکانات منہدم ہوگئے ہیں اور کئی روز گزرنے کے باوجود آج بھی آسمان تلے کسمپرسی کے زندگی گزارنے پرمجبور ہیں۔ لسبیلہ کے دوسرے صنعتی شہر میں پینے کا پانی گزشتہ 10دنوں سے بند عوام پانی کی بوند بوند کےلئے ترس گئے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے پراسرار خاموشی تفصیلات کے مطابق ضلع لسبیلہ کے دوسرے صنعتی شہر وندر میں گزشتہ 10دنوں سے پینے کے پانی کی سپلائی حسن آباد سے وندر شہر کے مختلف علاقوں کو کرنے والی پمپنگ مشین میں خرابی کی وجہ سے بند ہے علاقے کے مکینوں کے مطابق محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لسبیلہ کے حکام کو متعدد بار پانی کی بندش اور پمپنگ مشین میں آنے والی خرابی کے بارے میں مطلع کیا گیا ہے مگر دس دن گزر جانے کے باوجود متعلقہ محکمے کے افسران کی جانب سے وندر شہر کو پانی کی سپلائی کرنے والی پمپنگ مشین کی مرمت کروانے کے بجائے انہوں نے پراسرار خاموشی اختیار کرلی۔ بلوچستان کے علاقے تحصیل نوکنڈی دالبندین اور ضلع چاغی میں بجلی نہ ہونے کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر وہ کر رہ گئی جبکہ کوئٹہ سے روزانہ کم از کم تین گھنٹے رخشان ڈویژن کے علاقوں تحصیل نوکنڈی دالبندین اور ضلع چاغی اور ضلع نوشکی کو بجلی فراہم کیا جائے عوامی حلقوں کا چیف کیسکو سے پرزور مطالبہ کیاگیا۔ گزشتہ کئی دنوں سے بجلی نہ باعث بلوچستان کے علاقے تحصیل نوکنڈی دالبندین اورپورا ضلع چاغی تاریکی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع پشین کچلاک کوئٹہ ژوب اور دوسرے علاقوں کو بجلی فراہم کی جارہی ہے لیکن رخشان ڈویژن کے اضلاع ضلع چاغی تحصیل نوکنڈی اور دالبندین سمیت ضلع نوشکی کو گزشتہ نو دس روز سے ایک منٹ کے لئے بھی بجلی فراہم نہیں کی گئی جس سے پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا ہے تحصیل نوکنڈی دالبندین اورضلع چاغی سمیت نوشکی کے عوام پینے کی پانی کے لئے ترس گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں