بولان میں بجلی کے ٹاورزکی مرمت، تنصیب اور بحالی کاکام جاری ہے، کیسکو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ حالیہ مون سون بارشوں اورسیلاب کے باعث 132Kvڈبل سرکٹ سبی ٹو کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن کے گرے ہوئے ٹاورزکی مرمت ، تنصیب اور بحالی کاکام ہنگامی بنیادوںپر جاری ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ کیسکوکے شعبہ گرڈسسٹم کنسٹرکشن(جی ایس سی) اور گرڈسسٹم آپریشن (جی ایس او) نے مشکل اور سخت ترین حالات اورزمینی رسائی نہ ہونے کے باوجود متاثرہ ٹاوروں کی جگہ پہنچ کر مرمتی و بحالی کا کام گزشتہ روز ہی شروع کر دیاہے تاکہ صارفین تک بجلی کی بحالی کو یقینی بنایاجاسکے۔ترجمان نے کہاکہ 132kvڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن سے بجلی بحالی کاکام تین سے چارروزمیں مکمل کرلیاجائے گا جبکہ 22OKVدادوخضدارٹرانسمیشن لائن پر سندھ کے علاقہ میں این ٹی ڈی سی عملہ نے بھی کام شروع کردیاہے۔ ترجمان نے کہا کہ چونکہ اس وقت 132Kvڈبل سرکٹ سبی ٹوکوئٹہ ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کے بعد اس نیٹ ورک سے منسلک تمام گرڈاسٹیشنوںکے لئے مزید بجلی حاصل کی جاسکتی ہے جس سے بلاشبہ صوبہ کے تمام متاثرہ گرڈاسٹیشنوںسے منسلک صارفین کویومیہ 2سے 3گھنٹے بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایاجاسکتاہے ۔ترجمان نے کہاکہ اس وقت کوئٹہ شہرکو متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جارہی ہے اور اس وقت موجودہ برقی قلت کو لوڈمینجمنٹ کے تحت اضافی لوڈشیڈنگ کے زریعے پوراکیاجارہاہے جبکہ کوئٹہ شہرکے تمام فیڈروں کو ضرورت کے مطابق باری باری بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ تاہم مشکل کی اس گھڑی میں تمام صارفین سے تعاون کی اپیل اور بجلی فراہمی میں تعطل پر معذرت خواہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں