میجرجنرل عامر اسلم ڈپٹی چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی تعینات


اسلام آباد: حکومت نے میجرجنرل عامر اسلم کو ڈپٹی چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی تعینات کردیا ہے۔ جبکہ بریگیڈیئر ناصر منظور کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کا ایگزیکٹوڈائریکٹرایڈمن تعینات کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے گریڈ 21 کی پوسٹ پر میجرجنرل عامر اسلم کو ڈپٹی چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی تعینات کردیا ہے۔جبکہ گریڈ 20 کی سیٹ پر بریگیڈیئر ناصر منظور کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایڈمن تعینات کردیا ہے۔ دونوں نئی تعیناتیوں کا اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ دوسری جانب حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کو ٹیکس مراعات دینے کے لیے قانون سازی کا عمل شروع کردیا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو مراعات کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ ترجمان ایف بی آر کے مطابق اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے تجاویز مانگی جا رہی ہیں اور اسٹیک ہولڈرز اپنی طرف سے بھی تجاویز بھجوا رہے ہیں۔ تجاویز پر غور خوض کے بعد قانون بنایا جائے گا۔ترجمان کا بتانا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے لیے 30 ارب روپے کا پیکج مختص کیا گیا ہے۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلا س میں 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں کورونا کی صورتحال اور لاک ڈاؤن سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انتخابی اصلاحات پر مشتمل رپورٹ کی منظوری دے دی ہے۔انتخابی اصلاحات کیلئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت ہوگی۔انتخابی اصلاحاتی رپورٹ میں سینیٹ انتخابات میں طریقہ کار میں تبدیلی کی تجویز بھی دی گی ہے۔#/s#